ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسانوں کے قرضوں کی معافی مرحلہ وار ہوگی: پریانک کھرگے

کسانوں کے قرضوں کی معافی مرحلہ وار ہوگی: پریانک کھرگے

Sat, 11 Aug 2018 11:56:10    S.O. News Service

بنگلورو،11؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے سماجی بہبود پریانک کھرگے نے کسانوں کے قرضوں کی معافی کے معاملے میں بعض حلقوں سے کی جارہی جلد بازی کو غلط قرار دیا ہے۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قرضے معاف کرنے کے معاملے میں کمار سوامی کافی سنجیدہ ہیں اور وہ اپنے وعدے کے مطابق تمام کسانوں کو قرضوں کی معافی کا تحفہ دینے کی ہر ممکن کوشش میں لگے ہوئے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ کسان طبقہ بھی تھوڑے صبر کا مظاہرہ کرے۔

رائچور میں انہوں نے بتایاکہ کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے لئے چھوٹی موٹی رقم نہیں بلکہ بہت بڑی رقم درکار ہے۔اس کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون دیاجا رہا ہے۔ متبادل وسائل یکجا کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ دلت تنظیموں کی طرف سے مرکزی حکومت کے خلاف ایس سی ایس ٹی ترمیمی قانون پر احتجاج کے سلسلے میں انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ اس پر توجہ دے اور یہ یقینی بنائے کہ درج فہرست طبقات سے جڑے قوانین کو کمزور نہ کیا جائے۔

انہو ں نے کہاکہ شمالی کرناٹک کی ترقی کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کیا جارہا ہے۔ اس خطے کو علاحدہ ریاست بنانے کے مطالبے کو پریانک کھرگے نے مسترد کردیا۔ 


Share: